مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی (FAA) نے غیر معمولی حالات اور حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ کے تمام ہوائی اڈوں سے پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم جاری کیا۔ ادارے کے مطابق یہ پابندی آئندہ اطلاع تک برقرار رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم کے کمانڈ سینٹر نے مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 54 منٹ پر ’’نوٹس نمبر 111‘‘ جاری کیا، جس کا عنوان ملک گیر پروازوں کی معطلی تھا۔
امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی کے سرکاری نوٹس میں کہا گیا کہ غیر معمولی حالات اور حفاظتی خدشات کے باعث تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی جائے گی۔ یہ پابندی مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 53 منٹ سے نافذ ہوئی اور اس کے لیے اسی روز رات 11 بجے تک کا وقت درج کیا گیا تھا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو انفرادی بنیادوں پر منظم کیا جائے گا۔
کلاش رپورٹ کے مطابق، اس اعلان سے چند منٹ قبل واشنگٹن ایگزامینر کی داخلی سلامتی سے متعلق صحافی آنا جیارتلی نے بعض نوٹس کی تصاویر جاری کی تھیں، جن میں مواصلاتی فریکوئنسیز میں وسیع پیمانے پر تعطل کے باعث ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں سے تمام مقامات کے لیے پروازیں آئندہ اطلاع تک روکنے کی اطلاعات دی گئی تھیں۔
ابتدائی نوٹس میں بھی متعدد مراکز کی مواصلاتی فریکوئنسیز میں وقفے وقفے سے خرابیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی کے ایک نامعلوم ذریعے نے، جس نے یہ دستاویزات صحافی کو فراہم کی تھیں، موجودہ صورت حال کو مکمل طور پر بے مثال قرار دیا۔
کلاش رپورٹ نے مزید بتایا کہ مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 59 منٹ تک پروازوں کی ملک گیر معطلی کا اعلان امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی کے قومی فضائی حدود کے نظام کی عوامی اسٹیٹس ویب سائٹ پر درج نہیں کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ